نئی دہلی : دہلی کیپٹلز کی ٹیم جیت کی پٹری پر لوٹ آئی ہے۔ ریشبھ پنت کی کپتانی والی دہلی کیپٹلز کی ٹیم نے آئی پی ایل کے 32ویں میچ میں گجرات ٹائٹنز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل 2024 میں اپنی تیسری جیت درج کی۔ گجرات ٹائٹنز کو 89 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دہلی نے 67 گیندیں باقی رہتے ہوئے 6 وکٹوں سے جیت لیا۔ دہلی کے لیے جیک فریزر میک گرک نے سب سے زیادہ 20 رنز بنائے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں گجرات ٹائٹنز کو اس آئی پی ایل میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
گجرات ٹائٹنز کے 90 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے دہلی کیپٹلز کی شروعات اچھی رہی۔ پرتھوی شا اور جیک فریزر میک گرک نے 25 رنز جوڑے۔ میک گرک 10 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ پرتھوی شا نے 6 گیندوں پر سات رنز بنائے۔ امپیکٹ پلیئر کے طور پر اترے ابھیشیک پورل نے 7 گیندوں میں 15 رنز کی اننگز کھیلی۔ شائی ہوپ 19 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان ریشبھ پنت 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سمیت کمار 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ گجرات ٹائٹنز کی جانب سے سندیپ واریئر نے 2 جبکہ اسپینسر جانسن اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے دہلی کے کپتان ریشبھ پنت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ گجرات ٹائٹنز کی ٹیم کی بیٹنگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ صرف 3 بلے باز ڈبل فیگرز کو چھو سکے۔ راشد خان 31 رنز بنا کر جبکہ سائی سدرشن 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔ وہیں راہل تیوتیا نے 10 رنز بنائے۔ سلامی بلے باز ردھیمان ساہا 2 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان شبھمن گل 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ملر نے 2 رنز بنائے۔
