محکمہ موسمیات نے کی پیشگوئی… کسانوں کو بھی کیا خبردار

ابر آلود آسمان اور خراب موسمی صورتحال کے چلتے وادی میں سردی کی لہر واپس لوٹ آئی
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر بارشوں کی پیشگوئی کی
کسانوں سے 6مئی تک سیب کے درختوں پر چھڑکاؤ اور فصلوں کی کٹاسے گریز کرنے کی بھی تاکید
سرینگر / ابر آلود آسمان اور خراب موسمی صورتحال کے چلتے محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ اسی دوران ابر آلود موسم کے چلتے دن اور رات کے درجہ حرارت میں کمی آنے سے سردی کی لہر واپس لوٹ آئی ہے۔ سی این آئی کے مطابق ٹنل کے آر پار موسم کی دگر گوں صورتحال بنی ہوئی ہے اور آسمان ابر آلود رہنے کے نتیجے میں ٹھنڈی ہوائیں مسلسل چلنے سے سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 6مئی تک موسم مجموعی طو رپر خراب ہی رہے گا جس دوران کبھی بارشیں اور تیز آندھی کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ عام طور پر ابر آلود موسم کی پیشنگوئی کے درمیان جموں اور کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر رات کے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور معمول سے نیچے رہ گیا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالخصوص کپواڑہ، پونچھ، راجوری اور بارہمولہ میں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 4 مئی کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ 6 مئی تک کئی جگہوں پربارش بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ نے کسانوں سے 6مئی کے دوران سیب کے درختوں پر چھڑکاؤ اور فصلوں کی کٹاسے گریز کرنے کی بھی تاکید کی کیونکہ بارش کے امکانات زیادہ ہیں۔درجہ حرارت کے بارے میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ رات 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ کے مطابق قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 3.6 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 6.2 ڈگری، کوکرناگ میں 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور کپوارہ میں گزشتہ رات 4.7 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 4.8 ڈگری سیشلس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات 1.0 ڈگری کے مقابلے میں 1.7 ڈگری کا کم سے کم درجہ حرارت اور شہرہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 0.2 ڈگری کے مقابلے میں کم سے کم 4.0 ڈگری سیشلس ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جموں میں گزشتہ رات 15.7 ڈگری کے مقابلے میں 17.6ڈگری سیشلس کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں