شاہربین ٹائمزمانٹرنگ ڈسک، انڈیا: ایران نے فضائی سفر پر عائد پابندیاں ختم کر دیں
تہران: ایران نے ملک میں فضائی سفر پر عائد پابندیاں ختم کرتے ہوئے دوبارہ فضائی آپریشنز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یہ اقدام ایران میں صورتحال کے معمول پر آنے اور فضائی سفر کو محفوظ قرار دینے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ فضائی سفر کے لیے ماحول کو محفوظ قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد پابندیوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ ائیرلائنز اب اپنے آپریشنز دوبارہ شروع کر سکتی ہیں۔
اس سے قبل، ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام پروازیں پیر کی رات 9 بجے تک معطل کر دی تھیں۔ تاہم، صورتحال کی بہتری اور فضائی سفر کے محفوظ ہونے کی یقین دہانی کے بعد سول ایوی ایشن نے پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایران نے بغیر کسی واضح وجہ کے فلائٹ آپریشنز معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن غیر ملکی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یہ فیصلہ اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں کے بعد کیا گیا تھا۔ پابندی کے خاتمے کے بعد اب ایران کی تمام ائیرلائنز اپنے شیڈول کے مطابق پروازیں دوبارہ شروع کر سکیں گی۔