ترال انکاؤنٹر: ایک دہشت گرد ہلاک، آپریشن جاری
سرینگر، 15 مئی /جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ کے ترال علاقے میں نادر لورگام کے مقام پر جمعرات کو سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ایک شدید جھڑپ کے دوران ایک نامعلوم دہشت گرد ہلاک ہو گیا ہے، جبکہ علاقہ میں تلاشی اور محاصرہ کا عمل ہنوز جاری ہے۔
اعلیٰ پولیس افسر نے شاہربین ٹائمز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن کے دوران اب تک ایک دہشت گرد مارا جا چکا ہے، تاہم ہلاک شدہ دہشت گرد کی شناخت کا عمل آپریشن مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر محاصرے میں لے رکھا ہے اور ہر آنے جانے والے راستے کو سیل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس واقعے سے قبل، منگل کے روز شوپیان ضلع میں ایک اہم انکاؤنٹر کے دوران لشکرِ طیبہ کے آپریشنل کمانڈر شاہد کٹّے سمیت تین دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا تھا۔ یہ واقعہ وادی میں سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشنز کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد امن و امان کو بحال کرنا اور علاقے کو دہشت گرد عناصر سے پاک کرنا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، موجودہ آپریشن میں جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ کم سے کم جانی نقصان کے ساتھ عسکریت پسندوں کا خاتمہ ممکن ہو۔ علاقے میں وقفے وقفے سے گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔
شہربین ٹائمز اس خبر پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، قارئین کو باخبر رکھا جائے گا۔